
نیویارک: اقوامِ متحدہ کے ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں صیہونی آبادکاروں کے حملے فلسطینی آبادی کے وجود اور ان کی سرزمین پر موجودگی کے لیے سنگین خطرہ بن چکے ہیں۔ اقوامِ متحدہ کے ماہرین نے اپنی تازہ رپورٹ میں کہا ہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے اور مشرقی القدس میں غیرقانونی صیہونی آبادکاروں کے حملوں میں خطرناک اضافہ ہوا ہے۔ ماہرین کے مطابق دو ہزار چھبیس کے پہلے پانچ ماہ کے دوران کم از کم تیرہ فلسطینی شہید اور تقریباً پانچ سو زخمی ہو چکے ہیں، جو گزشتہ برسوں کے مقابلے میں زیادہ تعداد ہے۔ یہ تشدد جبری بے دخلی اور نسلی تطہیر کو فروغ دے رہا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ غیرقانونی صیہونی آبادکاروں کی کارروائیاں اسرائیلی ریاست کی حمایت اور سرپرستی میں جاری ہیں اور ان کا مقصد فلسطینیوں کو ان کی زمینوں سے بے دخل کرنا ہے۔ ماہرین نے خبردار کیا کہ فلسطینی آبادی کی مسلسل بے دخلی سے مغربی کنارے کے وسیع علاقے مزید غیرقانونی صیہونی آبادکاری کے لیے کھل سکتے ہیں۔


































