
واشنگٹن: طالبان نے کابل ایئرپورٹ سے امریکی باشندوں کے باحفاظت انخلا میں بھرپور معاونت فراہم کی، یہ اقدام فریقین کے درمیان خفیہ مذاکرات کے بعد اٹھایا گیا، امریکی ٹی وی چینل سی این این نے امریکی محکمہ دفاع کے بعض عہدے داروں کے حوالے سے بتایا کہ امریکا کی اسپیشل فورسز نے کابل ایئر پورٹ پر خفیہ دروازہ اور کال سینٹرز قائم کیے تھے جس کے ذریعے امریکیوں کو انخلا کا طریقہ کار سمجھایا گیا، کال سینٹرز کے ذریعے امریکیوں کو ایئرپورٹ کے نزدیک خفیہ مقام پر جمع ہونے کا کہہ دیا گیا تھا اور طالبان نے ان امریکیوں کی شناختی دستاویزات چیک کرکے خفیہ دروازے تک پہنچایا جو خصوصی طور پر امریکیوں کے ایئر پورٹ کے اندر جانے کے لیےبنایا گیا تھا، امریکیوں کو ایک جگہ جمع کرنے کا مقام حامد کرزئی ایئرپورٹ کے گیٹ سے تھوڑے فاصلے پر موجود وزارت داخلہ کی عمارت میں بنایا گیا تھا، سی این این کے مطابق امریکی فوج نے طالبان سے خفیہ مذاکرات کیے جس کے نتیجے میں طالبان کابل شہر میں موجود امریکی باشندوں کو گروپس کی شکل میں ایئرپورٹ کے خفیہ دروازوں پر چھوڑ گئے جہاں سے انہیں طیاروں کے ذریعے امریکا واپس لایا گیا۔


































