
اسلام آباد : مختلف مکاتبِ فکر کے علمائے کرام اور دینی شخصیات نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان سے ملاقات کی اورحقیقی آزادی کی تحریک کی بھرپور تائید وحمایت کا اعلان کیا۔پی ٹی آئی چیئرمین سے ملاقات کرنے والوں نے سازش کے ذریعے منتخب جمہوری حکومت کے خاتمے پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور سازش کی تحقیقات کیلئے اعلیٰ سطح کے عدالتی کمیشن کے قیام اور کھلی سماعت میں تحقیقات کے مطالبے کی بھی تائید کا اعلان کیا۔ ملاقات کرنیوالوں میں ثروت اعجاز قادری، صاحبزادہ ابوالخیر زبیر، صاحبزادہ حامد رضا، محمد اجمل قادری، مولانا گل نصیب خان، ڈاکٹر سبیل اکرام، ناصر شیرازی، مولانا شجاع الملک، ڈاکٹر احسان دانش، سید ضیاء اللہ شاہ بخاری سمیت دیگر شامل تھے۔ اس موقع پر علمائے کرام نے کہا کہ متفقہ قرارداد مقاصد کی روشنی میں ریاست پاکستان میں اقتدار اعلیٰ کی واحد مالک خدا کی ذات ہے۔ عوام قرآن و سنت کے اصولوں کے تابع ایک منتخب جمہوری نمائندہِ ایوان کے ذریعے ان اختیارات کے استعمال کا حق رکھتے ہیں۔ چیئرمین تحریک انصاف نے بطور وزیراعظم پاکستان دنیا بھر میں اسلام کی سربلندی و توہین رسالت جیسے قبیح و شرمناک عمل کے انسداد کیلئے غیر معمولی محنت کی۔


































