
وزارت خارجہ سعودی عرب کے ساتھ سفارتی رابط کرکے مزارخا تون جنت فاطمہ زہراؑکی تعمیرکا مطالبہ کرے، سندھ اور پنجاب اسمبلی میں متفقہ قرارداد منظور
مزارات کی تعمیر تمام مسلمانوں کا مسئلہ ہے ، خاتون جنت ہی نہیں، آئمہ اور دیگر اسلامی شخصیات کے مزارات بھی تعمیر ہونے چاہیئے،شیعہ علما کونسل ،جعفریہ الائنس
لاہور/کراچی(نیوزڈیسک)پنجاب کے بعد سندھ اسمبلی میں بھی خاتون جنت سیدہ فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے مزار اقدس کی تعمیر کے حوالے سے متفقہ قرار داد منظور کرلی گئی ،سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی نے جنت البقیع میں سیدہ فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے روضہ کی تعمیر سے متعلق قراردادپیش کی جسے متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا،قراردادمیں کہا گیا ہے کہ سندھ حکومت وفاقی حکومت سے رابطہ کرے اور اس پرسعودی عرب کے ساتھ سفارتی رابط کرکے مزار کی تعمیرکا مطالبہ کرنے کیلئے دباو¿ ڈالے، سندھ کے عوام مطالبہ کرتے ہیں کہ اگر سعودی عرب کے پاس مزار کی تعمیر کے پیسے نہیں وہ اسے خود تعمیر کرلیں گے، اس سے پہلے پنجاب اسمبلی کے رکن سید حسن مرتضیٰ نے قرارداد پیش کرکے سیدہ فاطمہ زہرا ؑکے مزار کی تعمیر کا مطالبہ کیا تھا یہ قراردادبھی متفقہ طور پر منظور کرلی گئی تھی، سید حسن مرتضیٰ نے اپنی قراردادمیں کہا تھا کہ وہ اپنے ذاتی خرچ پر مزار کی تعمیر کیلئے تیار ہیں، شیعہ علما کونسل شمالی پنجاب کے صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے پنجاب اسمبلی کی متفقہ قرارداد کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ جنت البقیع کے مزارات کی تعمیر تمام مسلمانوں کا مسئلہ ہے صرف خاتون جنتؑ ہی نہیں امام حسنؑ، امام زین العابدینؑ، امام باقرؑ، امام جعفر صادق ؑ اور دیگر اسلامی شخصیات کے مزارات بھی جنت البقیع میں موجود ہیں، ان کی تعمیر بھی ہونی چاہیئے،وزارت خارجہ سعودی عرب کی حکومت سے رابطہ کرکے امت مسلمہ کے مزارات مقدسہ کی دوبارہ تعمیر کا مطالبہ پہنچائے ، جعفر یہ لائنس نے بھی پنجاب اور سندھ اسمبلی میںروضہ فاطمہ زہرہ ؑکی تعمیر سے متعلق قراردادکی منظوری پر مبارکباد پیش کی ، علامہ رضی جعفر نقوی نے کہا کہ ایک طرف تمام ملت اسلامیہ ناموس رسالت کے مسئلے پر متفق ہے تو دوسری طرف تکفیری سوچ ملت اسلامیہ میں مسلکی فساد کر وانے میں اپنی کو ششوں میں مصروف ہے جس کو انشا اللہ ہم کبھی بھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔


































