
بیروت : حزب اللہ کی مرکزی شوری کے رکن نبیل قاووق نے ملک کے داخلی مسائل میں سعودی عرب اور امریکا کی مداخلت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان دونوں ملکوں کے سفارتخانے لبنان کے انتخابات میں اپنے مدنظر امیدواروں کی فہرست پیش کرتے ہیں۔ ان کی مداخلت کا ہدف لبنان میں داخلی فتنے کو ہوا دینا اور حزب اللہ کا مقابلہ کرنا ہے۔ نبیل قاووق نے کہا جو لوگ سنہ 1982 سے دشمن اسرائیل سے ہاتھ ملائے ہوئے تھے، آج وہ لوگ مزاحمت پر پیچھے سے حملے کے موقع کی تلاش میں ہیں اور ایسے لوگوں کو سفارت خانوں سے حمایت اور پیسوں کی مدد مل رہی ہے۔ حزب اللہ کی مرکزی شوری کے رکن نے کہا کہ کچھ غیر ملکی سفیر، لبنان کے اعلیٰ عہدیداروں کو طلب اور لبنان کی خودمختاری اور سفارتکاری کے اصول کی خلاف ورزی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سب سے سنگین مسئلہ انتخابات کے عمل میں غیر ملکی سفارتخانوں کی بے تحاشہ مداخلت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیا کوئی یقین کرے گا کہ یہاں پارلیمانی انتخابات ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں انتخابات کے امیدواروں کی ایسی فہرست ملی ہے جس کی سعودی اور امریکی سفارتخانوں نے حمایت کی ہے۔ ہم انکے مابین انتخابات کی فہرست کی حمایت میں ہماہنگی کے شاہد ہیں۔


































