
اسلام آباد: پاکستان نے ایران کے خلاف عائد امریکی یکطرفہ پابندیوں کو مسترد کرتے ہوئے تہران کے ساتھ دوطرفہ تجارت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ پاکستانی دفترِ خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے اسلام آباد میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران کہاہے کہ پاکستان ایران کے ساتھ اپنی تجارت بین الاقوامی قانون اور دونوں ممالک کے دوطرفہ تجارتی معاہدوں کے مطابق جاری رکھے گا۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان اصولی طور پر یکطرفہ اقدامات اور یکطرفہ پابندیوں کو تسلیم نہیں کرتا، کیونکہ ان کے منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں اور انہیں بین الاقوامی قانون سے ہم آہنگ نہیں سمجھا جاتا۔ دفترِ خارجہ کے مطابق پاکستان کو امید ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان کسی وسیع تر سیاسی تصفیے کے نتیجے میں اقتصادی معاملات بھی طویل مدت میں حل ہوں گے۔ اسلام آباد نے اس معاملے میں اپنے ثالثی کردار کو جاری رکھنے کا بھی عندیہ دیا ہے۔


































