
انقرہ: عالمی صمود فلوٹیلا نے غزہ کے محاصرے کو توڑنے کے لیے خشکی اور سمندر دونوں راستوں سے نئی مہم شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ عالمی صمود فلوٹیلا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیانات میں کہا ہے کہ اس کا زمینی امدادی قافلہ دوبارہ سفر شروع کرے گا اور غزہ کے جنوبی علاقے رفح تک پہنچنے کی کوشش کرے گا۔ تنظیم کے مطابق قافلے میں امدادی سامان، ماہرین، موبائل رہائش گاہیں اور انسانی امداد شامل ہوگی۔ فلوٹیلا نے اعلان کیا کہ سمندر کے راستے بھی ایک پُرامن مشن جاری رکھا جائے گا تاکہ غزہ تک فوری انسانی امداد پہنچائی جا سکے۔ تنظیم نے اسرائیل کے خلاف پابندیوں اور سرمایہ کاری کے بائیکاٹ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جب حکومتیں کارروائی نہیں کرتیں تو عوام خود منظم ہوتے ہیں۔


































