
ماسکو: روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے عرب امارات کے ہم منصب شیخ عبداللہ بن زاید النہیان سے گفتگو میں ایران اور امریکا کے درمیان جاری مذاکرات کی حمایت پر زور دیا ہے۔ روسی وزیرخارجہ سرگئی لاروف اور عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں مشرق وسطیٰ کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ روسی وزارت خارجہ نے بیان میں کہا کہ ماسکو نے ایران اور امریکا کے درمیان جاری مذاکرات کی مکمل حمایت کی ضرورت پر زور دیا تاکہ خطے میں دوبارہ جنگی صورتحال پیدا نہ ہو۔ سرگئی لاروف نے کہا کہ جاری سفارتی عمل کو کامیاب بنانا ضروری ہے کیونکہ مذاکرات ہی کشیدگی کم کرنے اور استحکام قائم رکھنے کا واحد مؤثر راستہ ہیں۔ روسی بیان میں خبردار کیا گیا کہ اگر دوبارہ عسکری کارروائیاں شروع ہوئیں تو خطے میں استحکام کی امیدوں کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ میں امن و سلامتی برقرار رکھنے کے لیے سفارتی کوششوں کی اہمیت پر بھی اتفاق کیا۔


































