
واشنگٹن : امریکا نے روس کے خوف سے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کا تجربہ منسوخ کر دیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پینٹاگون کے حکام نے حالیہ دنوں میں ایک براعظمی بیلسٹک میزائل کا ایک تجربہ منسوخ کر دیا ہے تاکہ روس کی ایٹمی فورس کے الرٹ ہونے کی صورت میں کوئی غلط پیغام نہ جانے پائے۔ امریکی فضائیہ کے ترجمان این سٹیفنیک نے کہا کہ فضائیہ امریکی اسٹریٹجک فورسز کی تیاری پراعتماد ہے اور اگلا ٹیسٹ اس سال کے آخر میں شیڈول ہے۔ پینٹاگون کے ترجمان ٹوڈ برائسل نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ یہ ٹیسٹ اس خدشے کے پیش نظر منسوخ کیا گیا کہ ماسکو اسے ایک بڑھتا ہوا خطرہ سمجھ سکتا ہے۔


































