
پاکستانی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے یوکرین کو کسی بھی قسم کا اسلحہ فراہم کرنے کی خبریں بے بنیاد اور گمراہ کن
قرار دیدی۔ یوکرینی وزیر خارجہ دمتروکولیب کے ہمراہ نیوز کانفرنس میں بلاول بھٹو نے کہا کہ یوکرین اور پاکستان کے درمیان کوئی دفاعی معاہدہ نہیں ہے۔ دونوں ممالک میں اقتصادی، تجارتی، زرعی اور دفاعی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے۔انہوں نے کہاکہ یوکرین اور روس کے مابین تنازعہ کے پرامن حل کے لیے ہر اقدام کی حمایت کریں گے ۔تنازعہ کے باعث خوراک، ایندھن اور دیگر بحران پیدا ہوئے، پاکستان بھی متاثر ہوا۔ یوکرائنی وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم نے فوجی تکنیکی تعاون میں پاکستان کو 90 کی دہائی میں الخالد ٹینکس کی تیاری میں مدد کی ہم چاہتے ہیں پاکستان یوکرائن کا ساتھ دے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے شعبے میں تعاون کریں گے ۔جو طالب علم یوکرائن میں تعلیم حاصل کر رہے تھے، انہیں واپس یوکرائن بلایا جائے گا۔ ڈیجیٹل اور اقتصادی تعاون کو وسعت دیں گے۔پاکستان اہم شراکت دار ہے، دونوں ممالک مل کر غذائی سلامتی پر کام کریں گے بلیک سی گرین اقدام میں پاکستان، ترکیہ اور اقوام متحدہ ہمارے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔


































