
مناما : حزب اللہ نے اسرائیل سے تعلقات قائم کرنے کے اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بحرین کے بہت بڑے جرم اور غلطی سے تعبیر کیا ہے۔ حزب اللہ کے نائب سربراہ شیخ نعیم قاسم نے کہا ہے شاہی حکومت کو جلد ہی اندازہ ہو جائے گا کہ تعلقات کی بحالی سے صرف تل ابیب کو فائدہ پہونچے گا۔ اگر وہ سوچتے ہیں کہ تعلقات کا قیام، عوام اور انکے ضائع شدہ حقوق کے تعلق سے انکی ذمہ داریوں کو انجام نہ دینے کے نتائج سے ان کو محفوظ بنا لے گا، تو یہ انکی بھول ہے اور اگر وہ یہ سمجھتے ہیں کہ اسرائیل انہیں کچھ دینے کی پیشکش کرے گا، تو وہ غلطی پر ہیں۔ شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ بحرین نے خود ساختہ غاصب صیہونی ریاست سے تعلقات بحال کر کے بہت بڑا جرم کیا ہے، مناما حکومت اور خلیج فارس کے دوسرے ممالک جو اسرائیل سے تعلقات کی بحالی چاہتے ہیں، انہیں جلد ہی ہونے والے بڑے نقصان کا اندازہ ہو جائے گا اور وہ جلد ہی سمجھ جائیں گے کہ اپنے عوام کے اعتماد اور اپنے ضمیر سمیت سب کچھ گنوا چکے ہیں۔


































