
صحبت پور: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ صحبت پور میں عزاداروں کے خلاف ایف آئی آرز کا اندراج شرمناک حرکت اور اس سے زیادہ شرمناک حرکت ایک عزادار کو گرفتار کر کے ایس ایچ او کا اسے مفرور مجرم کی گرفتاری قرار دے کر تشہیر کرنا سنگین غلطی تھی، عزاداری امام حسین علیہ السلام جرم نہیں عبادت ہے ہم ایسی ایف آئی آرز کو پاؤں تلے روندیں گے جو چہلم شہدائے کربلا کے خلاف ہوں۔انہوں نے اعلان کیا کہ صحبتِ پور شہر میں چہلم شہدائے کربلا کا سالانہ جلوس عزا آئندہ سال بھی بر آمد ہوگا۔ انہوں نے بھنڈ شہر کی مسجد و امام بارگاہ اور شہر کا دورہ کیا جو ابھی تک پانی میں ڈوبا ہوا ہے۔ انہوں نے صحبتِ پور سٹی میں ضلعی شوری کے اجلاس میں شرکت کی اور میڈیا سے گفتگو کی اور کہا کہ سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں ابھی تک لاکھوں لوگ روڈوں پر بیٹھے ہوئے ہیں حکومت ان علاقوں سے اب تک نا تو پانی نکال سکی ہے اور نا ہی متاثرین کو خیمے اور راشن دے سکی ہے۔


































