
تہران : ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ دباؤ اور دھمکیوں کی پالیسی ترک کرے۔ ورنہ مذاکرات ممکن نہیں ہوں گے۔ عراق کے نامزد وزیرِاعظم علی فالح الزیدی سے ٹیلیفونک گفتگو میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہاکہ ایران بین الاقوامی قانون کے دائرے میں ہر قسم کے مکالمے کے لیے تیار ہے مگر دباؤ کو ہرگز قبول نہیں کرے گا۔ دھمکیوں اور جبر کی زبان کا کوئی نتیجہ نہیں نکلے گا۔ ایرانی صدر نے واضح کیا کہ امریکا ایک طرف زیادہ سے زیادہ دباؤ کی پالیسی اپناتا ہے اور دوسری جانب ایران سے مذاکرات اور یکطرفہ مطالبات تسلیم کرنے کی توقع رکھتا ہے۔ انہوں نے اس طرزِ عمل کو ناقابلِ قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسا تضاد کسی بھی صورت قابلِ عمل نہیں ہو سکتا۔


































