
ڈھاکا : بنگلادیش میں سابق حکمراں جماعت عوامی لیگ کے سینکڑوں کارکنوں نے ریلی نکالی۔ فوج سے جھڑپوں میں پانچ فوجیوں سمیت پندرہ افراد زخمی ہوگئے۔
ڈھاکا ٹریبیون کے مطابق گوپال گنج میں عوامی لیگ کے کارکنوں نے حسینہ واجد کو دوبارہ ملک میں لانے کے حق میں ریلی نکالی۔ مظاہرین نے ڈھاکا سے کھلیانہ جانیوالی ہائی وے کو بلاک کر دیا۔ جس کی وجہ سے ٹریفک شدید جام ہوگیا۔ فوجیوں نے مظاہرین کو روکتے ہوئے روڈ کلیئر کروانے کی کوشش کی تو اس دوران ہجوم نے پتھراؤ شروع کردیا۔ فوجیوں نے ہجوم کو منتشر کرنے کےلیے لاٹھی چارج کیا تو مظاہرین نے فوجیوں کی گاڑی کو آگ لگادی۔ گوپال گنج کیمپ کے لیفٹیننٹ مقصودالرحمان نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ تقریباً 3 سے 4 ہزار کے قریب لوگوں نے سڑک بلاک کی ہوئی تھی۔ ادھر بنگلا دیش کی سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کے صاحبزادے سجیب واجد جوئے نے نئی عبوری حکومت پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اصلاحات نہیں بلکہ ہجوم کی حکمرانی کا معاملہ ہے۔ مظاہرین نے سپریم کورٹ پر حملہ کیا۔اپنے جج مقرر کرنے کیلئے فہرست دی اور عبوری حکومت نے اسے مان لیا۔


































