تہران : ولی امر مسلمین آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا ہے کہ بسیج اسلام اور ایران کے دشمنوں پر حملے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دے گی۔ انہوں نے بسیج رضاکار فورس پر زور دیا کہ وہ ایرانی معاشرے میں اپنی موجودگی کو وسعت دے اور اپنی بڑھتی ہوئی صلاحیتوں کو ایران کی ترقی کے لیے بروئے کار لائے۔
بسیج ہفتے کے موقع پر اپنے پیغام میں آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا کہ امام حسینؑ، جو پیغمبر اسلام حضرت محمد ﷺ کے نواسے ہیں، کی تعلیمات بسیج کے طرزِ عمل کی رہنمائی کرتی ہیں، خواہ معاملہ عوام کے ساتھ رویے کا ہو یا مخالفین کے ساتھ۔ انہوں نے کہا کہ قرآن کریم کی دو حیات بخش تعلیمات، یعنی آپس میں رحم دل اور کافروں کے مقابلے میں سخت گیر بسیج کے ارکان کے دلوں کی رہنمائی کرتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسی اصول کے تحت بسیج کے ارکان عوام، نظام اور انقلاب کے لیے مہربانی اور قربانی کا مظاہرہ کرتے ہیں اور اسلام اور اسلامی نظام کے دشمنوں پر حملہ کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے۔
ولی امر مسلمین نے اپنے پیغام میں بسیج کو ایک غیر معمولی اور قابلِ قدر مظہر قرار دیا۔ ان کے مطابق امام خمینی رح نے اس تنظیم کی بنیاد رکھی تاکہ مختلف نسلوں سے تعلق رکھنے والے پُرعزم، پُرامید اور قربانی کا جذبہ رکھنے والے ایرانیوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا جا سکے، جو اسلام اور ایران کے وقار کے خواہاں اور مکتبِ امام حسینؑ سے وابستہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بسیج نے آٹھ سالہ جنگ کے دوران اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا اور میدانِ جنگ میں اس کی مؤثر موجودگی دفاعی محاذ کے لیے بنیادی سہارا ثابت ہوئی۔ان کے مطابق اس جنگ کے دوران نو عمر
لڑکوں سے لے کر بزرگوں تک بسیج کے ارکان نے محاذوں اور جنگی خندقوں کے روحانی ماحول سے بے شمار فوائد حاصل کیے۔انہوں نے کہا کہ عوام کے ذہنوں میں بسیج کی جو تصویر ابھری، وہ ایمان، عزم، اخلاص، بصیرت، بہادری، جدوجہد، فرض شناسی، ایثار اور دوسروں کے لیے قربانی جیسے اوصاف پر مشتمل تھی۔
































