صنعا: یمن کے ہزاروں شہریوں نے ملک کے جنوبی شہر عدن کی سڑکوں پر نکل کر سعودی عرب سے یمن پر اپنا قبضہ ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ عدن سعودی عرب کی حمایت یافتہ سابق حکومت کا مرکز رہا ہے۔
مظاہرین نے یمن کے اندرونی معاملات میں سعودی عرب کی مداخلت کی شدید مذمت کی اور نعرے لگائے اے سعودی عرب! تم جھوٹے ہو، تم دہشت گردی کے حامی ہو۔
ایک اور نعرہ تھا مزاحمت کرنے والا عدن سعودی قابض اور اس کے دیگر حامیوں کو نکال باہر کرے گا۔
یہ احتجاج سعودی عرب کی حمایت یافتہ سابق حکومت کی نام نہاد وزارتِ داخلہ کی جانب سے بدھ کے روز مظاہروں پر پابندی عائد کیے جانے کے باوجود کیا گیا۔ عوامی غم و غصے کی ایک بڑی وجہ جنوبی یمن کے ہزاروں جنگجوؤں کی ہلاکت اور زخمی ہونا بھی ہے۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ چند ماہ کے دوران ان جنگجوؤں کو زبردستی تنازعات والے علاقوں میں یمنی مسلح افواج کے خلاف لڑنے کے لیے بھیجا گیا تھا۔
































