اسلام آباد: پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم کا کہنا ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان پاکستان اور قطر کے ذریعے پیغامات کا تبادلہ جاری ہے۔ سی این این عربی کو انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ ان ممالک اور ان کے وزرائے خارجہ کے ساتھ مختلف تجاویز اور خیالات کا تبادلہ کیا جا رہا ہے۔
ایرانی سفیر نے کہا کہ ایران مذاکرات کے لیے تیار ہے، تاہم اگر اس پر حملہ کیا گیا تو وہ جواب دے گا۔انھوں نے یمن میں جنگ کے خاتمے کے لیے چین اور روس کی سفارتی کوششوں کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ ایران ان دونوں ممالک کے اس اقدام کا خیر مقدم کرتا ہے۔ ان کے مطابق چین یا کوئی دوسرا ملک اگر یمنی فوج کو یمن کا ایک حقیقی فریق تسلیم کرتا ہے تو ایران ملک میں خانہ جنگی ختم کرنے کے لیے ایسی کسی بھی کوشش کا خیر مقدم کرے گا۔
































