
جدہ: اسلامی تعاون تنظیم کے اجلاس میں کہا گیا ہے کہ یورپ میں قرآن سوزی اور توہین رسالت دانستہ کی جاتی ہے۔ متعلقہ حکومتیں سخت جوابی اقدامات کریں۔ جدہ میں او آئی سی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں سویڈن، نیدرلینڈز اور ڈنمارک میں قرآن سوزی کے اشتعال انگیز واقعات پر سخت تشویش کااظہار کیا گیا ہے۔ سیکریٹری جنرل حسین براہیم طہ نے کہا کہ قران سوزی اور توہین رسالت کی کارروائیوں کو اسلاموفوبیا کے عام واقعہ کے طور پر نہیں دیکھا جانا چاہیے۔ اس طرح کے مجرمانہ اقدامات مسلمانوں کو نشانہ بنانے،ان کے مقدس مذہب، اقدار اور علامتوں کی توہین کے بنیادی ارادے سے کیے جاتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اس طرح کا عمل پوری ایک ارب 60 کروڑمسلم آبادی کی براہ راست توہین ہے۔ حسین ابراہیم طہٰ نے تمام متعلقہ فریقوں پرزور دیا کہ وہ ذمے داروں کے خلاف سخت کارروائی کریں تاکہ مستقبل میں اس طرح کی اشتعال انگیزی کا اعادہ نہ ہو۔


































