
واشنگٹن : قطر کے وزیر اعظم محمد بن عبدالرحمن آلثانی نے واشنگٹن میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس سے ملاقات کے دوران ایران کے ساتھ کسی معاہدے تک پہنچنے کے لیے مذاکرات کی بحالی پر زور دیا۔ قطر کی وزارت خارجہ کے مطابق وائٹ ہاؤس میں ملاقات کے دوران امریکا اور قطر کے درمیان قریبی تزویراتی تعاون اور اسے مزید مضبوط بنانے کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں ایران سے متعلق جاری مذاکرات، خطے کی تازہ صورتحال اور پاکستان کی جانب سے کشیدگی کم کرنے کے لیے کی جانے والی ثالثی کوششوں پر بھی گفتگو ہوئی۔ شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم آل ثانی نے اس موقع پر زور دیا کہ تمام فریق جاری سفارتی کوششوں کا مثبت جواب دیں تاکہ بحران کے بنیادی اسباب کو مذاکرات اور پرامن ذرائع سے حل کیا جا سکے۔ قطری وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ جامع معاہدہ ہی خطے میں دیرپا امن اور استحکام کی ضمانت بن سکتا ہے۔


































