
دوحہ : قطر کی وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے کہاہےکہ ایران جنگ کے بعد غزہ میں یرغمالیوں کی رہائی کے معاہدے کا سنہری موقع ہے جس سے اسرائیل اور حماس کو فائدہ اُٹھانا چاہیے۔ ماجد الانصاری نے نیوز ایجنسی اے ایف پی سے انٹرویو میں کہا کہ ثالث ممالک ایران اسرائیل جنگ بندی کے بعد فلسطینی سرزمین میں جنگ بندی کے لیے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کا ملک اب اسی رفتار کو استعمال کرنے کی کوشش کر رہا ہےجو ایران اسرائیل جنگ بندی سے پیدا ہوئی ہے تاکہ غزہ پر مذاکرات دوبارہ شروع کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اگر اس موقع اور رفتار سے استفادہ نہ کریں تو یہ ماضی قریب کے کئی مواقع کی طرح ضائع ہو جائے گا۔ ہم دوبارہ ایسا نہیں چاہتے۔
قطری ترجمان نے وضاحت کی کہ فریقین کے درمیان اس وقت کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے لیکن قطر ہر فریق سے الگ الگ بات کرنے میں بہت زیادہ مصروف ہے۔


































