
دوحہ : قطر کے وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمٰن آل ثانی نے کہا ہے کہ دوحہ جنگ بندی معاہدے کو برقرار رکھنے کے لیے مسلسل سفارتی کوششیں کر رہا ہے۔
امریکی چینل سی این این کو انٹرویو میں قطری وزیراعظم اور وزیرِ خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمٰن آل ثانی نے کہا کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کی خلاف ورزیاں روزانہ کی بنیاد پر ہو رہی ہیں۔ جن کا مشترکہ آپریشن روم میں باقاعدہ اندراج کیا جا رہا ہے تاکہ جنگ بندی برقرار رکھی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی بین الاقوامی امن فورس کے لیے واضح مینڈیٹ ہونا چاہیے اور اس کا بنیادی مقصد فلسطینیوں اور اسرائیلیوں دونوں کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے اس تنقید کو بھی رد کیا کہ قطر حماس یا ایران سے روابط رکھتا ہے، یہ کہتے ہوئے کہ قطر کا مقصد تنازعات میں فریقین کو قریب لانا اور ان کے خدشات کو سمجھنا ہے، نہ کہ کسی خاص ملک یا گروہ کی حمایت کرنا۔


































