تحریر: سید رحیم نعمتی
آج سے سو سال پہلے جہان تشیع کے عظیم مرجع تقلید آیت اللہ العظمی میرزا محمد تقی شیرازی نے تین اہم فتوے جاری کر کے برطانوی استعمار کے خلاف بڑی عوامی تحریک کی بنیاد ڈالی۔ یہ انقلابی تحریم تاریخ میں 1920ءکے انقلاب یا "ثورة العشرین” کے نام سے معروف ہے۔ الرمیثہ شہر میں مقیم الظوالم قبیلے کا سربراہ شعلان بن عناد ابوالجون آیت اللہ العظمی میرزا شیرازی کا انتہائی قریبی ساتھی تھا اور اس نے ملک کو برطانوی استعمار کے چنگل سے آزاد کروانے میں انتہائی اہم اور بنیادی کردار ادا کیا تھا۔ اب یوں دکھائی دے رہا ہے کہ اس کا نواسہ آمر جیاد شعلان ابولجون اپنے دادا کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ایک بار پھر بیرونی استعماری قوت کو ملک سے نکال باہر کرنے کا عزم راسخ کر چکا ہے۔ البتہ اس بار وہ استعماری طاقت برطانیہ کی بجائے امریکہ ہے۔
حال ہی میں آمر جیاد شعلان ابوالجون نے عوام کے نام اپنے پیغام میں ثورة العشرین کا ذکر کرتے ہوئے موجودہ وزیراعظم مصطفی الکاظمی اور ان کی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ پارلیمنٹ کی جانب سے قابض امریکی فوجیوں کو ملک سے نکال باہر کرنے کے منظور شدہ بل کو عملی جامہ پہنانے کی کوشش کرے۔ انہوں نے حکومت کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے اس قانون پر کسی قسم کی سودے بازی کی کوشش کی تو عراقی قوم قابض امریکی فوجیوں کو ملک سے نکال باہر کرنے کیلئے جان کی بازی لگانے کیلئے بھی تیار ہے۔ ان کی جانب سے عوام کے نام یہ پیغام اور ملکی سطح پر عوامی مظاہروں کی کال وزیراعظم مصطفی الکاظمی کیلئے اہم ہے کیونکہ وہ مستقبل قریب میں تین مملک سعودی عرب، ایران اور امریکہ کا دورہ کرنے کا پروگرام رکھتے ہیں۔
عراقی وزیراعظم مصطفی الکاظمی گذشتہ کئی ماہ سے اپنے ان اہم دوروں کی تیاری میں مصروف ہیں۔ مئی کے مہینے میں انہوں نے وزیر خزانہ علی علاوی کو ریاض بھیجا تاکہ سعودی عرب کو عراق میں سرمایہ کاری پر راضی کر سکیں۔ اسی طرح جون میں مصطفی الکاظمی نے ایران کے وزیر توانائی رضا اردکانیان سے ملاقات کی جس میں توانائی اور بجلی کے بارے میں دونوں ممالک میں باہمی فروغ کو تعاون دینے پر گفتگو کی گئی۔ ان ملاقاتوں سے مصطفی الکاظمی کی خطے سے متعلق اپروچ کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ ایک اعلی سطحی عراقی عہدیدار کے بقول مصطفی الکاظمی عصا کو درمیان سے پکڑنے کی کوشش میں مصروف ہیں یعنی خطے کے ممالک کے ساتھ تعلقات میں توازن برقرار کرنا چاہتے ہیں۔ بہرحال مستقبل قریب میں عراقی وزیراعظم مصطفی الکاظمی کے متوقع دوروں میں سب سے زیادہ اہم دورہ امریکہ کا دورہ قرار دیا جا رہا ہے۔
عراقی وزیراعظم کے امریکہ دورے کا اہم ترین ایجنڈا بغداد اور واشنگٹن کے درمیان جاری اسٹریٹجک مذاکرات ہوں گے جو 10 جون سے ویڈیو کانفرنس کی صورت میں شروع ہو چکے ہیں۔ مصطفی الکاظمی اپنے واشنگٹن دورے میں ان مذاکرات کو مزید آگے بڑھانے کی کوشش کریں گے۔ اس وقت عراق میں امریکہ کے چھ ہزار سے نو ہزار کے درمیان فوجی موجود ہیں۔ امریکہ نے عراق میں اپنے مختلف چھوٹے فوجی اڈوں جیسے قائم، قیارہ، کیوان اور جبانیہ سے تمام فوجیوں کو نکال کر بغداد کے قریب واقع عین الاسد فوجی اڈے میں جمع کر رکھا ہے۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ امریکہ کی جانب سے اپنے کچھ چھوٹے فوجی اڈوں کی بندش عراق سے فوجی انخلاءکے تناظر میں انجام نہیں پائی بلکہ یہ اقدامات سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر ایک جنگی حکمت عملی کے تحت انجام دیے گئے ہیں۔
امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے معروف کالم نویس ڈیوڈ اگناٹیس نے حال ہی میں اپنے کالم میں اس بات پر زور دیا ہے کہ مشرق وسطیٰ سے امریکہ کے فوجی انخلاءکی کوئی علامات دکھائی نہیں دے رہیں۔ لہذا اس بارے میں یقین سے کچھ نہیں کہا جا سکتا کہ امریکہ واقعی عراق سے فوجی انخلائ پر راضی ہو گیا ہے۔ امریکہ نے عراق سے اسٹریٹجک مذاکرات کا آغاز مزید وقت خریدنے کیلئے کیا ہے تاکہ عراقی پارلیمنٹ کے منظور شدہ بل کو ناکام بنانے کیلئے مناسب طریقہ سوچ سکے۔ یہ وہ بنیادی نکتہ ہے جس پر مصطفی الکاظمی کے مخالفین بھی زور دے رہے ہیں۔ مصطفی الکاظمی کو اس نکتے پر توجہ دینی چاہئے اور امریکہ کے ممکنہ ہتھکنڈوں کے بارے میں ہوشیار رہنا چاہئے۔ انہیں جان لینا چاہئے کہ عراقی عوام ان سے ملک سے امریکہ کے فوجی انخلاءکو یقینی بنانے کی امید رکھتے ہیں۔
ممکن ہے مصطفی الکاظمی سعودی عرب اور ایران دوروں میں ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کا راستہ ہموار کرنے میں کامیاب ہو جائیں لیکن اگر وہ امریکہ دورے میں ملک سے امریکہ کے فوجی انخلاءکو یقینی بنانے میں کامیاب نہ ہوئے تو عراقی عوام ان سے راضی نہیں ہو گی۔ امریکی فوجیوں نے عراق کی خودمختاری کو بالائے طاق رکھتے ہوئے خود سے ہی بصرہ اور کویت کے درمیان سرحدی چوکی جریشان اپنے کنٹرول میں لے لی ہے۔ اسی طرح امریکہ نے بغداد کے گرین زون میں واقع اپنے سفارتخانے میں پیٹریاٹ میزائل بھی نصب کر لئے ہیں۔ لہذا عراقی وزیراعظم مصطفی الکاظمی صرف ایک صورت میں عوام کا اعتماد حاصل کر سکتے ہیں اور وہ صورت ملک کی خودمختاری کی بحالی اور امریکہ کے خودسرانہ اقدامات کی روک تھام ہے۔
































