رپورٹ: لیاقت علی انجم
گلگت بلتستان کو عبوری آئینی صوبہ بنانے کیلئے آئین پاکستان کی 37 شقوں میں ترامیم پر غور کیا جا رہا ہے۔ ہمین کو موصول مجوزہ مسودہ ترامیم میں قومی اسمبلی، سینیٹ میں نمائندگی، سپریم کورٹ، ہائیکورٹ کورٹ، الیکشن کمیشن سمیت دیگر اہم شعبوں سے متعلق آئین میں ترامیم کے مجوزہ مسودہ کے دو حصے ہیں، ایک حصہ آئینی ترامیم اور دوسرا حصہ انتظامی امور سے متعلق ہے۔ اس مقصد کیلئے وزیراعظم کی جانب سے قائم کمیٹی غور کر رہی ہے اور ساتھ ہی گلگت بلتستان میں وزیراعلیٰ کی جانب سے قائم پارلیمانی کمیٹی سے بھی مشاورت کی جا رہی ہے۔ مجوزہ ترامیم کے مطابق آئین پاکستان کے آرٹیکل (2) 1 میں صوبوں کی تعریف کے پیراگراف میں سندھ کے بعد ”عبوری صوبہ گلگت بلتستان” شامل کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ آئین کے آرٹیکل 7 میں جہاں ریاست کی تعریف کی گئی ہے، جس میں صوبائی حکومت اور صوبائی اسمبلی کے پیرے میں ”جی بی گورنمنٹ اینڈ جی بی عبوری صوبائی اسمبلی” رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔
قومی اسمبلی سے متعلق آئین کے آرٹیکل (1) 51 کے پیراگراف کے آخر میں اس طرح اضافے کی تجویز دی گئی ہے کہ ”قومی اسمبلی میں گلگت بلتستان کیلئے فلاں (تعداد) سیٹیں مختص ہونگی” اسی طرح کا جملہ آرٹیکل (3) 56 میں اضافہ کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ سینیٹ آف پاکستان سے متعلق آئین کے آرٹیکل (1) 59 میں اس طرح جملے کے اضافے کی تجویز دی گئی ہے کہ ”گلگت بلتستان کیلئے فلاں تعداد میں سیٹیں سینیٹ میں مختص کی گئی ہیں۔” گورنر کی تقرری سے متعلق آرٹیکل (1) 101 میں ہر صوبے کے لفظ کے بعد ”جی بی عبوری صوبہ” شامل کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ آئین کے آرٹیکل (3) 100 میں مجوزہ ترمیم کے تحت اٹارنی جنرل آف پاکستان گلگت بلتستان کی عدالتوں میں بھی حاضر ہوگا۔ سالانہ بجٹ سے متعلق آرٹیکل 120a اور b میں اس طرح اضافہ ہوگا ”عبوری صوبہ گلگت بلتستان کیلئے گرانٹ ان ایڈ فراہم کی جائے گی۔”
صوبوں کے ایڈووکیٹ جنرل سے متعلق آرٹیکل 140 میں لفظ عبوری صوبہ گلگت بلتستان کا اضافہ ہوگا۔ اسی طرح وفاقی و صوبائی قوانین سے متعلق آرٹیکل 142b جبکہ بین الصوبائی تجارت سے متعلق آرٹیکل (3) 151 میں بھی ترامیم کی تجویز دی گئی ہے۔ مجوزہ ترامیم کے تحت مشترکہ مفادات کونسل، نیشنل اکنامک کونسل، این ایف سی میں جی بی کی نمائندگی ہوگی۔ آرٹیکل (1) 175 میں ترمیم کرکے سپریم کورٹ کا دائرہ گلگت بلتستان تک بڑھانے اور چیف کورٹ کو ہائیکورٹ میں تبدیل کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ اسی طرح آرٹیکل (1) 168 میں ترمیم کے ذریعے آڈیٹر جنرل کا دائرہ جی بی تک بڑھانے کی بھی تجویز دی گئی ہے۔ آئین کے آرٹیکل 177 میں ترامیم کے ذریعے سپریم اپیلیٹ کورٹ کے دو ججز کو ریٹائرمنٹ تک سپریم کورٹ کا جج بنانے کی تجویز دی گئی ہے۔
ایک اور منفرد مجوزہ ترمیم کے تحت آرٹیکل (1) 193 میں لفظ ”سٹیزن آف پاکستان” یعنی پاکستان کے شہری کے بعد ”سٹیزن آف جی بی” کو بھی شامل کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ اسی طرح آئین میں ترمیم کرکے چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کا ممبر بنانے کی بھی تجویز دی گئی ہے۔ ایک اور حیران کن تجویز یہ سامنے آئی ہے کہ آئین کے آرٹیکل 264 میں مجوزہ ترمیم کے تحت آرڈر 2018ء ختم ہوگا لیکن اس کی کئی شقیں برقرار رہیں گی۔ یاد رہے کہ یہ مجوزہ ترامیم فائنل نہیں ہیں، اس پر مختلف فورمز میں غور کیا جا رہا ہے، حتمی تجاویز تک ان میں ردوبدل ہوسکتا ہے۔
































