
ماسکو: وزیراعظم عمران خان نے روس اور یوکرین کے درمیان تصادم پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے روسی صدر سے مسئلہ سفارت کاری سے حل کرنے کی تجویز دی ہے۔وزیراعظم نے روس اور یوکرین کے درمیان تازہ ترین صورتحال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو امید ہے کہ سفارتکاری سے فوجی تنازع کو ٹالا جاسکتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ تنازعات کو مذاکرات اورسفارتکاری کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے کیونکہ تنازع کسی کے مفاد میں نہیں ہے، ترقی پذیر ممالک تنازعات کے دوران معاشی طور پر زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔ وزیراعظم نے دنیا میں انتہا پسندی اور اسلامو فوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحانات پر تشویش کا اظہار کیا اور بین المذاہب ہم آہنگی، بقائے باہمی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ امن اور ہم آہنگی کے لیے تمام مذاہب کا احترام ناگزیر ہے۔


































