
واشنگٹن : ایران سے معاہدے کی تمام کوششوں کی ناکامی کے بعد امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا امریکا چاہتا ہے کہ خلیج کے معاملے پر مؤقف بدلنے کے لیے چین ایران پر دباؤ ڈالے اور اسے جاری اقدامات سے پیچھے ہٹنے پر آمادہ کرے۔ مارکو روبیو نے فاکس نیوز سے انٹرویو میں کہا کہ چین کے اپنے بحری جہاز آبنائے ہرمز میں پھنسے ہیں ، وہ بھی موجودہ بحران سے متاثر ہو رہا ہے۔ بحران کے حل میں کردار ادا کرنا چین کے مفاد میں ہے۔ روبیو کے مطابق دنیا میں امن اور استحکام برقرار رکھنے اور ممکنہ جنگوں سے بچنے کے لیے امریکا چین اختلافات کو دانشمندی سے سنبھالنا ہوگا۔
ادھر امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ کشیدگی ختم کرنے کے لیے مذاکرات میں پیش رفت ہو رہی ہے۔ تاہم حتمی فیصلہ اس بات پر ہوگا کہ آیا تہران صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ریڈ لائن پوری کرتا ہے یا نہیں۔ جے ڈی وینس نے مزید کہا کہ امریکی صدر کی ریڈ لائن بہت سادہ ہے۔ وہ چاہتے ہیں کہ ہم ایسے حفاظتی اقدامات کر لیں جن کے نتیجے میں ایران کبھی ایٹمی ہتھیار حاصل نہ کر سکے۔


































