
بغداد : عراقی وزیراعظم مصطفی الکاظمی نے مقتدر سیاسی جماعتوں پر زور دیا ہےکہ وہ مضبوط اور کارآمد حکومت قائم کرنے کی کوشش کریں۔کابینہ کے اجلاس سے خطاب میں مصطفی الکاظمی کا کہنا تھا کہ ملک اس وقت حساس دور سے گزر رہا ہے جس کے پیش نظر تمام سیاسی جماعتوں اور دھڑوں کو چاہیے کہ وہ ایک مضبوط اور کار آمد حکومت کے قیام کیلئے پوری توانائیاں بروئے کار لائیں۔ موجودہ حالات کا تقاضا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں عوام کی خدمت گزار ہوں اور حکومت بنانے کیلئے اپنی ذمہ داریوں پر عمل کریں۔عراقی وزیر اعظم نے سیکیورٹی کی صورتحال اور مختلف علاقوں میں داعش کے خلاف جاری فوجی آپریشن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی اداروں نے گزشتہ دنوں داعش کے متعدد عناصر کو ہلاک اور گرفتار کیا ہے۔ داعش کی بکھری ہوئی طاقت کو پھر سے جمع کرنے کی کوششوں کے خلاف بھرپور اقدامات کی ضرورت ہے اور یہ امر فوج، انسداد دہشت گردی فورس، مشترکہ آپریشن کمانڈ، عوامی رضاکار فورس حشد الشعبی اور پیش مرگہ کی مربوط اور منظم کوششوں کے ذریعے ہی مکمن ہے۔


































