
غزہ: ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن ڈبلیو ایچ او اتوار سے غزہ میں پولیو مہم کا آغاز کرے گی۔ ڈبلیو ایچ او کے سربراہ ٹیڈروس نے کہا کہ اسرائیلی حکومت پولیو مہم کیلیے مخصوص علاقوں میں تین دن کیلئے جنگ میں وقفے کیلئے تیار ہوگئی ہے۔ پہلے مرحلے میں وسطی غزہ میں پولیو مہم کا آغاز ہوگا جس کے لیے اتوار سے مخصوص علاقے میں تین دن تک جنگ بند رہے گی۔دوسرے مرحلے میں جنوبی غزہ میں بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے جبکہ تیسرے مرحلے میں شمالی غزہ میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔غزہ میں پچیس سال بعد پولیو کا پہلا کیس سامنے آنے کے بعد فوری طور پر انسداد پولیو مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
ادھر انتہا پسند جنگی جنون میں مبتلا اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کے دفتر نے انسداد پولیو مہم کیلئے جنگ بندی کی خبروں کی تردید کردی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ جنگ بندی نہیں بلکہ پولیو ویکسین لگانے کیلئے محض جگہوں کی تخصیص کی گئی ہے۔


































