
لاہور: لاہور میں پولیس نے سابق وزیراعظم عمران خان کےگھر پر دھاوا بول دیا اور درجنوں کارکنوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ سابق وزیراعظم عمران خان کے اسلام آباد عدالت میں پیشی کیلئے روانہ ہوتے ہی لاہور میں پولیس نے زمان پارک میں آپریشن شروع کر دیا اور پی ٹی آئی کے کارکنوں کو گرفتار کرنا شروع کردیا۔ پولیس نے زمان پارک کے باہر لگے کیمپس اکھاڑ دئے۔ کارکنوں پر لاٹھی چارج کیا اور آنسو گیس کے گولے داغے۔ پی ٹی آئی کارکنوں نے پتھراؤ کیا جس سے 3 پولیس اہل کار زخمی ہوگئے۔ پولیس کے شدید لاٹھی چارج کے بعد کارکن پیچھے ہٹ گئے اور پولیس دروازے توڑ کر عمران خان کےگھر میں داخل ہوئی۔ پولیس نے کرین کے ذریعے عمران خان کے گھر کا دروازہ اور دیواریں توڑدیں۔ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ رہائشگاہ سے پٹرول بم بنانے والی بوتلیں اور غلیلیں بھی ملی ہیں۔ عمران خان نے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر لکھا کہ زمان پارک کے گھر میں ان کی اہلیہ بشریٰ بیگم اکیلی تھیں۔ یہ کس قانون کے تحت یہ کر رہے ہیں؟ یہ لندن پلان کا حصہ ہے۔


































