
پشاور: سابق پی ٹی آئی رہنما پرویز خٹک نے تحریک انصاف کے مقابل نئی سیاسی پارٹی بنانے کا اعلان کردیا جس میں سابق ارکان اسمبلی اور رہنماؤں سمیت سابق وزیراعلیٰ محمود خان نے بھی شمولیت پر رضامندی ظاہر کردی۔ پرویز خٹک نے پی ٹی آئی پارلیمنٹرینز کے نام سے نئی پارٹی کا باقاعدہ اعلان کیا ہے، جس میں پی ٹی آئی کے 57 سابق ارکان اسمبلی نے شمولیت کا اعلان کیا ہے۔سابق وزیر اعلی محمود خان بھی پرویز خٹک کی نئی سیاسی جماعت میں شمولیت کے لیے ان کے پاس پہنچ گئے۔ محمود خان پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز کا حصہ بنیں گے۔ نئی پارٹی کے لیے پی ٹی آئی رہنما و سابق صوبائی وزیر ہشام انعام اللہ نے پرویز خٹک سے ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق پرویز خٹک نے ان سے کہا کہ نئی پارٹی بنارہا ہوں اس میں شمولیت اختیار کریں جس پر ہشام انعام اللہ نے شکوہ کیا کہ آپ مجھے پی ٹی آئی میں لائے اور بعد میں میری حمایت نہیں کی۔ذرائع کے مطابق ہشام انعام اللہ نے پرویز خٹک سے وقت مانگا اور کہا کہ سیف اللہ برادران سے مشورہ کرکے آپ کو آگاہ کروں گا۔


































