
دوحہ: حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ نے کہا ہے کہ صیہونی حکومت کے جرائم کو پچھتر دن گزرنے کے باوجود استقامت بدستور ثابت قدم ہے۔
اسماعیل ہنیہ سے ایرانی وزیرخارجہ حسین امیرعبداللہیان نے دوحہ میں ملاقات کی۔ اسماعیل ہنیہ نے کہاکہ صیہونی فوج غزہ میں ایسے جرائم و جارحیت کا ارتکاب کر رہی ہے جس کی اس سے پہلے کوئی مثال نہيں ملتی۔ اسماعیل ہنیہ نے کہا کہ صیہونی حکومت اور اس کے اتحادی سمجھتے تھے کہ وہ اس طرح استقامت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر سکتے ہيں لیکن ان کے وحشیانہ جرائم اور قتل عام کو پچھتر دن گزرنے کے باوجود استقامت ثابت قدم اور میدان میں ڈٹی ہوئی ہے اور صیہونی حکومت کو بھاری نقصان پہنچایا ہے۔
انہوں نے ایران کے وزیرخارجہ کے اقدامات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ غزہ جنگ کے دوران یہ ایرانی وزیر خارجہ امیرعبداللہیان کا چوتھا دورہ دوحہ ہے اور ان کے یہ دورے ایسی جنگ کے ماحول میں انجام پا رہے ہيں جو صیہونی حکومت نے ملت فسلطین کے خلاف شروع کر رکھی ہے۔


































