
اسکردو : مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ ہم داخلی خود مختاری چاہتے ہیں ہمارے فیصلے اسلام آباد میں ہونے چاہئیں واشنگٹن میں نہیں۔ گلگت بلتستان کی عوام کو پاکستان سے وفاداری کے صلے میں صرف جھوٹے وعدے، دھوکے اور محرومیاں دی گئیں ،اس خطے کے بہادر عوام کو اپنے حق کے لئے میدان میں ثابت قدم رہنا ہو گا۔ مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام اسکردو کے یادگار شہدا پر تکریم شہداء و خوددار پاکستان کانفرنس سے خطاب میں علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کو حقیقی مسائل سے ہٹا کر غیر ضروری مسائل میں الجھایا جاتا ہے ۔گلگت بلتستان پاکستان کا سر ہے بغیر سر کے دھڑ باقی نہیں رہ سکتا۔ یہ جنت نظیر علاقہ اب تک محرومیوں کا شکار ہے ،گلگت بلتستان کے جائز آئینی حقوق کی جدوجہد کے لئے متحد ہونا ہو گا۔ کانفرنس میں اسکردو بھر سے عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی ،شرکاء نے ہاتھوں میں قومی و پارٹی پرچم اٹھا رکھے تھے اور فضاء پاکستان بنایا تھا پاکستان بچائیں گے ، امریکا مردہ باد، اسرائیل نامنظور ، امریکی غلامی نامنظور جیسے فلک شگاف نعروں سے گونجتی رہی۔ ایم ڈبلیو ایم گلگت بلتستان کے صوبائی صدر علامہ آغا سید علی رضوی نے کہا کہ گلگت بلتستان کے آئینی حقوق کی جدوجہد پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے ،ہم اپنی قوم کو جوابدہ ہیں گلگت بلتستان کے مفادات کا سودا نہیں ہونے دینگے ،ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ اسکردو کرگل کا باڈر کھولا جائے،سانحہ چلاس ،سانحہ بابو سر کے شہدا ءکے قاتل اب تک آزاد ہیں انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے، ایم ڈبلیوایم کے مرکزی جنرل سیکریٹری سید ناصرشیرازی نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ پاکستان کی سر بلندی کا نعرہ لگایا ،ہم پاکستانیوں کے قاتلوں کے ساتھ مذاکرات کو مسترد کرتے ہیں ،ہم مقتولین کے ساتھ ہیں شہدائے پاکستان کے ساتھ ہیں،بھکاری حکمرانوں کے مقابلے میں خودار لوگ کھڑے ہوں۔ صوبائی وزیر زراعت محمد کاظم میثم نےکہا کہ ہم ہر صورت گلگت بلتستان کے حقوق کا تحفظ کرتے رہیں گے، وفاق گلگت بلتستان کی ترقی میں رکاوٹ ڈال رہا ہے، گلگت بلتستان کے ترقیاتی بجٹ میں کٹوٹی کو مسترد کرتےہیں، ہم گلگت بلتستان کے پاکستان کے ساتھ الحاق کی تحریک کو جاری رکھیں گے۔


































