
نیویارک: اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر فلیمون یانگ نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں امن و سلامتی کا حصول طاقت یا قبضے کے ذریعے ممکن نہیں ہوگا۔ جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے فلیمون یانگ نے دو ریاستی حل کی اہمیت کا اعادہ کیا اور اسے پائیدار امن کا واحد راستہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ بات چیت، باہمی تسلیم اور بین الاقوامی قانون پر مبنی منصفانہ، جامع اور دیرپا حل کی کوشش ہی واحد راستہ ہے۔ انہوں نے غزہ میں انسانی مصائب کی صورت حال کے فوری خاتمے پر زور دیا اور کہا کہ یہ ہمارے ہاتھ میں ہے اور اسے مزید ملتوی نہیں کیا جا سکتا۔ جنرل اسمبلی کے صدر نے تمام فریقوں سے غزہ میں تباہ کن حالات سے نمٹنے کے لیے انسانی امداد کی فوری اور بلا روک ٹوک رسائی فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے غزہ کے محصور علاقے میں جنگ بندی اور اسرائیل سے اغوا کیے گئے یرغمالوں کی غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کیا۔


































