
جنیوا : اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ غزہ بغیر پھٹے بموں سے بھرا ہوا ہے جس سے بچوں کو خطرہ لاحق ہے۔اقوام متحدہ کے انسانی ہمدردی کے ادارے اوچا نے کہا ہے کہ فلسطینی بچوں کو غزہ کی پٹی میں پھیلے بغیر پھٹے بموں سے موت اور شدید زخمی ہونے کا سامنا ہے۔ ادارے نے کہا کہ 29 جون کو تازہ ترین واقعے میں خان یونس کے جنوب میں نو سالہ بچی ایسے بم کے پھٹنے سے شہید ہوئی تھی جو گرائے جانے کے بعد پھٹا نہیں تھا۔ اس واقعہ میں تین بچے زخمی بھی ہوئے تھے۔ دوسرے واقعات میں بھی آٹھ بچے زخمی ہوئے۔ اقوام متحدہ کی مائن ایکشن سروس کے مطابق جنگ کے دوران استعمال کیا گیا کم از کم 10 فیصد گولہ بارود فوری طور پر کام نہیں کرتا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ غزہ میں لاکھوں ٹن ملبے میں سے بڑی تعداد میں بارودی مواد موجود ہے۔ غزہ میں سرکاری میڈیا آفس نے اندازہ لگایا ہے کہ اکتوبر سے اب تک غزہ پر کم از کم 75 ہزار ٹن دھماکہ خیز مواد گرایا جا چکا ہے۔


































