
راولپنڈی : پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاکستان امن چاہتا ہے لیکن اس خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ ملٹری اکیڈمی کاکول میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب میں جنرل باجوہ نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور ہمسائیوں سے اچھے تعلقات چاہتا ہے۔ پاکستان ہمسایوں کے ساتھ تمام مسائل پرامن طور پر حل کرنے کا خواہاں ہے۔ کسی ملک، گروپ یا تنظیم کو پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ امن کی خواہش میں پاکستان نے نیک نیتی سے پڑوسیوں اور علاقائی ملکوں سے اچھے تعلقات کے لیے بھرپور کوششیں کی ہیں، جنوبی ایشیا کے لوگوں کو بھی خوشحالی اور بہتر معیار زندگی کا حق حاصل ہے، جنوبی ایشیا میں خوشحالی تسلسل سے معاشی ترقی اور دیرپا امن سے ہی ممکن ہے۔ ہمیں بھرپور کوشش کرنی چاہیے کہ شعلوں کو اپنے خطے سے دور رکھیں، ہمیں طریقہ کار بنا کر باہمی معاملات کو پرُامن طور پر حل کرنےکے لیے امن کو موقع دینا چاہیے۔


































