
بیجنگ : پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف نے چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی اور دو طرفہ تعاون سمیت دیگر اہم امورپر تبادلہ خیال کیا۔ چین کے دو روزہ سرکاری دورے میں وزیراعظم شہباز شریف نے اقتصادی تعاون کے فروغ۔ سی پیک میں تعاون بڑھانے اور اسٹریٹیجک پارٹنر شپ مزید مضبوط کرنے پر اتفاق کیا۔ شہباز شریف نے سیلاب کی تباہی کے تناظر میں پاکستان کی امداد، بحالی اور تعمیر نو کی کوششوں میں چین کی مدد پرچینی صدر کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں رہنماؤں نے دفاع، تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، صحت، تعلیم، متبادل توانائی، سائنس اور ٹیکنالوجی اور آفات سے نمٹنے کے لیے تیاری سمیت متعدد امور پر تعاون پر تبادلہ خیال اور اس بات پر اتفاق کیا کہ سی پیک کے باعث اعلیٰ معیار کی ترقی سے پاکستان اور چین کے درمیان دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ چینی صدر شی جن پنگ نے یقین دلایا کہ پائیدار اقتصادی ترقی اور جیو اکنامک حب کے طورپر صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لیے پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے چینی ہم منصب لی کیچیانگ سے ملاقات میں دو طرفہ امور اور باہمی تعاون بڑھانے کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی۔ ملاقات میں سی پیک منصوبوں کی جلد از جلد تکمیل اور سی پیک کو وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف کو گریٹ ہال آف پیپل میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ملاقات کے بعد چین اور پاکستان کے مابین معاہدوں اور معاہدے پر دستخط بھی کے گئے۔


































