
پیرس : منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی فنڈنگ کے نگراں عالمی ادارے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) نے پاکستان کو گرے لسٹ سے خارج کردیا تاہم مانیٹرنگ جاری رہے گی۔ فیٹف کا 2 روزہ اجلاس پیرس میں ہوا جس میں پاکستان کا نام گرے لسٹ سے نکالنے کا جائزہ لیا گیا،اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت وزیرمملکت برائے خارجہ امورحنا ربانی کھر نے کی اجلاس کے بعد باقاعدہ فیٹف نے پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے کا اعلان کیا۔ فٹیف کے صدر ٹی راجا کمار نے پاکستان کی اس پیشرفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان 2018 سے گرے لسٹ میں تھا اور حکام کی جانب سے بڑی محنت کے بعد منی لانڈرنگ اور انسداد دہشت گردی فنڈنگ کے حوالے سے کمزوری پر قابو پاتے ہوئے 34 نکات پر عمل درآمد مکمل کرلیا گیا۔ پاکستان اب انسداد منی لانڈرنگ و دہشت گردی کے لیے فنڈنگ کے انسداد پر مؤثر کام کر رہا ہے، ایف اے ٹی ایف کی ٹیم نے تصدیق کی کہ اصلاحات کی گئی ہیں اور اصلاحات جاری رکھنے کے لیے اعلیٰ سطح کی قابلیت اور عزم ہے ،یہ اصلاحات ملک اور خطے کے استحکام اور سلامتی کے لیے اچھی ہیں لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ انہیں مزید کام کی ضرورت نہیں،ہمیں امید ہے پاکستان نظام کو مزید مضبوط کرنے کے لیے ایف اے ٹی ایف کے ریجنل شراکت دار ایشیا پیسفک گروپ سے تعاون جاری رکھے گا۔


































