
راولپنڈی : آئی ایس پی آر کا کہناہے کہ پاکستان دنیا میں امن مشن کیلئے فوج دینے والا دوسرا بڑا ملک بن گیا آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان نے اقوام متحدہ امن مشن کے ساتھ اپنے سفر کا آغاز 1960 میں دستہ کانگو بھیج کرکیا، پچھلے 61 سالوں میں پاکستان قیام امن کے لیے سب سے نمایاں اور مسلسل تعاون کرنے والا ملک رہا۔ پاکستان نے اقوام متحدہ کے 46 امن مشنوں میں حصہ لیا، اور دنیا بھر میں اقوام متحدہ کے مشنز میں دولاکھ سے زائد فوجی بھیجے جبکہ 169 پاکستانی فوجی جوان انسانیت کی مدد میں جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں۔ آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گٹریز نے پاکستان کا دورہ کر کے امن کی کوششوں کو سراہا، پاکستان کے امن دستوں کی پیشہ ورانہ صلاحیت نے ہر امن مشن میں کمانڈر کو بھی اپنا گرویدہ بنا دیا۔ پاکستانی امن دستوں میں ایف سی، رینجرز اور پولیس کے دستے بھی شامل ہیں۔


































