
اسلام آباد: اسلام آباد میں منعقدہ پاکستان ایران مشترکہ تجارتی کمیٹی کے 10 ویں 3 روزہ مذاکرات میں تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے اہم شعبوں پر اتفاقِ رائے کیا گیا ہے۔ دونوں ملکوں نے اجلاس میں پاک ایران آزاد تجارتی معاہدے کو حتمی شکل دینے، پاکستان اور ایران کا دو طرفہ تجارتی حجم 10 ارب ڈالرز تک بڑھانے، دونوں ممالک کا بزنس ٹو بزنس روابط کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق ہوا۔ سرحدی تجارت کے فروغ اور 24 گھنٹے بارڈر کھلا رکھنے کے لیے سہولیات بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔
دونوں ملکوں نے تجارتی مذاکرات کے بعد بہتر لاجسٹکس اور کسٹمز طریقہ کار میں بھی ہم آہنگی لانے پر بھی اتفاق کیا جبکہ کان کنی کے شعبے خصوصاً قیمتی پتھروں کی پراسیسنگ اور ویلیو ایڈیشن میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
ایرانی وزیر سید محمد اتابک نے کہا پرتپاک استقبال اور شاندار میزبانی پر پاکستان کے شکر گزار ہیں، خطے میں امن کے لیے پاکستان کو مخلصانہ سفارتی کوششوں پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ایرانی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ اظہارِ یکجہتی پر پاکستانی قیادت اور عوام کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے، پاکستان اور ایران کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے کے حوالے سے تکنیکی سطح پر مذاکرات جاری ہیں۔


































