
کراچی: بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں فوج اور پولیس کی دو کارروائیوں میں 14 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان کے علاقے کیچ میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر دہشتگردوں نے حملہ کیا جس کے جواب میں آپریشن کے دوران آٹھ شر پسندوں کو ہلاک کر دیا گیا۔ دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولیاں اور بارود برآمد کیا گیا۔ادھر خیبرپختونخوا کے علاقے لکی مروت میں پولیس اور انسداد دہشت گردی فورس کے ساتھ جھڑپ میں 6 دہشت گرد مارے گئے جن کے قبضے سے اسلحہ اور ایمونیشن بھی برآمد کرلیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ پولیس نے سی ٹی ڈی کمانڈوز کے ہمراہ دریا پار علاقے میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ان مصدقہ اطلاعات پر کیا جن کے مطابق تھانہ ڈڈیوالہ کی حدود میں دہشتگرد موجود ہیں اور عباسہ پولیس پوسٹ پر حملے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔


































