
رام اللہ : فلسطینی صدر محمود عباس نے کہا ہے کہ صرف فلسطینی ریاست ہی غزہ پر حکمرانی کرے گی اور وہ اس کا انتظام سنبھالنے کے لیے فوری طور پر تیار ہے۔ رام اللہ میں اپنے خطاب میں محمود عباس نے واضح کیا کہ وہ صرف ایک ہی قانون، ایک ہی فوج اور ایک ہی قانونی اسلحے کو تسلیم کرتے ہیں اور اس کے سوا کسی چیز کو قبول نہیں کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ ہماری طاقت سیاسی۔ سفارتی اور صبر و استقامت پر مبنی ہے۔ ہم لڑنے کی طاقت نہیں رکھتے، اور جو اس کے برعکس بات کرتا ہے وہ فلسطین کو تباہ کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگ ہمارے مفاد میں نہیں ہے اسی لیے کہتا ہوں کہ غزہ میں جنگ کو بند ہونا چاہیے۔ وہاں دو لاکھ سے زیادہ افراد شہید اور زخمی ہو چکے ہیں جو ناقابلِ تصور ہے۔ صدر عباس نے اس بات پر بھی زور دیا کہ فلسطینیوں کے لیے تنظیم آزادیِ فلسطین (پی ایل او) ہی ایک جامع اور اکٹھا کرنے والا گھر ہے۔ انھوں نے شرط عائد کی کہ تنظیم آزادیِ فلسطین کو واحد قانونی نمائندہ تسلیم کیا جائے، اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور عالمی قانونی اصولوں کا احترام کیا جائے۔


































