
بیت المقدس : انسانی حقوق کی نگراں فلسطینی تنظیم سیون عاملیہ (7amleh) نے رپورٹ دی ہے کہ بڑے آن لائن پلیٹ فارمز اور بڑی ٹیک کمپنیوں نے فلسطینیوں کے خلاف انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری رکھنے میں کردار ادا کیا ہے۔ فلسطینیوں کے ڈیجیٹل حقوق، نسل کشی اور بڑی ٹیک کمپنیوں کا احتساب کے عنوان سے جاری رپورٹ میں دعویٰ کیا گیاہے کہ غزہ میں ہولناکیوں میں ڈیجیٹل کمپنیوں کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ رپورٹ کے مطابق میٹا، ایکس، یوٹیوب۔ گوگل اور ایمیزون جیسے پلیٹ فارمز نے اسرائیلی مظالم میں سہولت فراہم کی اور فائدہ بھی اٹھایا جبکہ ڈیجیٹل اسموک اسکرین کے تحت جنگی جرائم کو تحفظ بھی فراہم کیا۔
رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ کس طرح بڑی ٹیک کمپنیاں، غیر جانبداری کی آڑ میں سنسر شپ، غلط معلومات اور تشدد پر اکسانے میں سرگرم حصہ دار بنی ہیں۔ رپورٹ کےمطابق ان کمپنیوں نے اپنے انفرا اسٹرکچر کے ذریعے اسرائیل کی فوجی کارروائیوں کو تقویت فراہم کی۔ اپنے پلیٹ فارم کو مسلحہ کرنے، فلسطینیوں کی آواز دبانے اور نفرت پھیلانے کیلئے استعممال کرنے کا موقع دیا۔ یہ پلیٹ فارمز جان بوجھ کر فیصلہ سازی کا ایک مضبوط نظام ہے جو انسانی حقوق پر منافع کو ترجیح دیتا ہے۔


































