
جدہ: عرب لیگ نے فلسطینی عوام کے لیے بین الاقوامی تحفظ پر زور دیتے ہوئے اسرائیل سے مقبوضہ فلسطینی علاقوں سے انخلا اورعالمی عدالتِ انصاف کے فیصلوں پر عملدرآمد کا مطالبہ کیا ہے۔ عرب لیگ نے یومِ نکبہ کی اٹھہترویں برسی کے موقع پر جاری بیان میں کہا ہے کہ عالمی عدالتِ انصاف کی مشاورتی رائے کے مطابق اسرائیلی قبضہ غیر قانونی ہے۔ اس کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات کا ازالہ اور متاثرین کو معاوضہ دیا جانا چاہیے۔ بیان میں کہا گیا کہ فلسطینی عوام کے ساتھ تاریخی ناانصافی کے خاتمے اور سن انیس سو سڑسٹھ سے جاری قبضے کے خاتمے کے لیے عالمی کوششیں تیز کی جائیں اور دو ریاستی حل کے تحت آزاد فلسطینی ریاست قائم کی جائے جس کا دارالحکومت مشرقی بیت المقدس ہو۔ بیان میں غیر قانونی آبادکاری، جبری بے دخلی، آبادکاروں کے حملوں اور مذہبی مقامات پر حملوں کی بھی مذمت کی گئی۔


































