
جدہ : اسلامی تعاون تنظیم نے اسرائیل کے فلسطینیوں کے خلاف اقدامات کو انسانیت کے خلاف جرائم قرار دیا ہے۔ جدہ میں او آئی سی کی ایگزیکٹو کمیٹی کا غیر معمولی اجلاس ہوا جس میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں نابلس میں نہتے فلسطینیوں کے قتل عام کی شدید مذمت کی گئی اور واقعے کی عالمی سطح پر آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا۔
اسرائیل سے سفارتی تعلقات قائم کرنے اور تجارتی تعاون بڑھانے والے عرب ممالک اجلاس میں تقاریر کرتے رہے اور کسی بھی عملی اقدامات سے گریز کیا گیا۔
تنظیم کے سیکریٹری جنرل حسین ابراہیم طہ نےکہاکہ نام نہاد اسرائیلی ریاست کو بے لگام چھوڑنے سے اُسے فلسطینیوں کےخلاف جرائم پر قائم رہنے کا موقع دیا گیا ہے۔ صہیونی جرائم پر خاموشی نے فلسطینیوں پر مظالم میں اضافہ کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اسرائیل اپنے جرائم اور خلاف ورزیوں پر ہٹ دھرمی کےساتھ قائم ہے۔ وہ نوآبادیاتی آباد کاری کو جاری رکھے ہوئے ہے۔صیہونی جرائم پرعالمی خاموشی اسکی حوصلہ افزائی کررہی ہے جبکہ فلسطینیوں کو کسی قسم کا تحفظ فراہم نہیں کیا جا رہا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ صیہونی ریاست کے انسانیت کےخلاف جرائم پراسے کٹہرے میں لایا جائے۔


































