
جدہ : اسلامی تعاون کی تنظیم نے فلسطینی قیدیوں کے ساتھ اسرائیلی بدسلوکی کی فوری تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔ او آئی سی نے تحققیات کا مطالبہ رہائی پانے والے فلسطینیوں کی دل دہلا دینے والی شہادتوں اور اقوام متحدہ کی ایک نئی رپورٹ کے بعد کیا۔ او آئی سی نے ایک بیان میں فلسطینی قیدیوں کیخلاف قابض اسرائیلی حکومت کی پرتشدد کارروائیوں اور شدید خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ بیان میں کہاگیاہےکہ اسرائیلی خلاف ورزیوں کو مختلف قانونی اداروں نے اچھی طرح سے دستاویز کیا ہے اور ان میں پھانسی، تشدد، بھوک، عصمت دری، تنہائی اور جبری گمشدگی جیسی کارروائیاں شامل ہیں۔ بیان میں کہا گیاہے کہ اس طرح کی خلاف ورزیوں کے نتیجے میں اسرائیلی حراستی مراکز میں غزہ کے اٹھارہ قیدی مارے جاچکے ہیں۔


































