
غاصب اسرائیلی فوج نے ”باب العمود” پر پھر حملہ کرتے ہوئے سینکڑوں بے گناہ فلسطینی نوجوانوں کو زخمی اور اسیر کر لیا ہے۔ فارس نیوز کے مطابق، فلسطینی ذرائع ابلاغ نے آج منگل کی صبح رپورٹ دی ہے کہ جارح صیہونی فورسز نے مقبوضہ بیت المقدس میں مسجد اقصیٰ کے قریب باب العمود کے علاقے میں فلسطینیوں پر مسلسل ماہ مبارک رمضان کی تیسری رات حملہ کیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس صہیونی جارحیت کا مقابلہ کرنے کی کوشش کرنے والے متعدد فلسطینی نوجوانوں کو گرفتار یا زخمی کیا گیا ہے.
ابھی تک ان ظالم فوجیوں کے ہاتھوں کم از کم آٹھ فلسطینی شہری گرفتار کئے گئے ہیں۔ ان رپورٹس کی بنیاد پر، اسرائیلی فورسز کے خفیہ دستے اور گھوڑ سوار پولیس اہلکار باب العمود پر فلسطینی جوانوں کو گرفتار کر رہے ہیں اور انہیں رمضان کی تقریبات برگزار کرنے سے روک رہے ہیں۔ دوسری جانب فلسطینی ذرائع کا بھی کہنا تھا کہ اسرائیلی سیکیورٹی فورسز نے فلسطینی نوجوانوں پر لاٹھیوں، آنسو گیس اور پلاسٹک کی گولیوں سے حملہ کیا ہے۔ گذشتہ شب عرب میڈیا نے اس حوالے سے رپورٹ دی تھی کہ باب العمود کے علاقے میں جھڑپوں کے دوران کم از کم 19 فلسطینی زخمی جبکہ 11 کو حراست میں لیا گیا تھا۔ ”حماس” نے خبردار کیا ہے کہ ”ہم دشمن کے رہنماؤں کو اس کشیدگی کا ذمہ دار ٹھہراتے ہیں اور ہم نے عہد کیا ہے کہ اپنے زور بازو اور ہر ممکنہ وسیلے سے بیت المقدس اور مسجد اقصیٰ کی حفاظت کریں گے۔


































