
رام اللہ : فلسطینی سرکاری میڈیا آفس کے مطابق صیہونی حکومت نے جان بوجھ کر سترہ لاکھ فلسطینیوں کو تنگ علاقے میں دھکیل دیاہے۔ گورنمنٹ میڈیا آفس کا کہنا ہے کہ صیہونی فوج نے غزہ کی آبادی کو جس علاقے میں دھکیلا ہے اس کا مجموعی رقبہ غزہ کے دسویں حصے سے زیادہ نہیں ہے ۔ یہ فلسطینی شہریوں کو جبری بے گھر کرنے کے قبضے کے جرم کا حصہ ہے۔ میڈیا آفس کے مطابق اسرائیل فلسطینی شہریوں کو دانستہ طور پر زمین کے ایک تنگ علاقے میں دبا کر ان کا گلا گھونٹ رہا ہے۔ میڈیا آفس نے کہا کہ اسرائیلی فوج نے فائرنگ۔ بم حملوں اور ممنوعہ ہتھیاروں کے خطرے کے تحت مکینوں کو نقل مکانی کرنے اور گھر چھوڑنے پر مجبور کیا جو کہ انسانیت کے خلاف جرم ہے۔ میڈیا آفس کے مطابق نومبر میں 63 فیصد غزہ کو محفوظ انسانی زون سمجھا جاتا تھا، تاہم اب یہ گھٹ کر 9.5 فیصد رہ گیا ہے۔


































