
پشاور : خیبر پختونخوا میں اسلامیات کی نئی درسی کتب میں گستاخانہ مواد کی اشاعت پر شیعہ، سنی علمائے کرام نے سیکریٹری تعلیم خیبر پختونخوا سے ملاقات کی اور اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر محکمہ تعلیم کے حکام نے ہنگامی بنیادوں پر غلطیوں کی تصحیح کرنے اور ذمہ داران کیخلاف کارروائی کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ سیکریٹری ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے علمائے کرام کو بتایا کہ صوبائی حکومت درسی کتابوں میں کسی بھی ایسی غلطی کو برداشت نہیں کرے گی جس سے کسی بھی مسلک یا مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے شہریوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچے۔ سیکریٹری تعلیم نے علماء کو یقین دلایا کہ انکوائری میں جس کسی کو بھی ذمہ دار پایا گیا تو اس کے خلاف قانون کے مطابق سخت کاروائی کی جائے گی۔ مذکورہ غلطیوں کی تصحیح ہنگامی بنیادوں پر کی جارہی ہے اور اس بارے میں تمام ضلعی افسروں اور متعلقہ اسکولوں کو ہدایات جاری کر دی گئیں ہیں۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ ایسے واقعات سے بچنے کے لئے جامع مشاورت اور بھرپور احتیاط سے کام لیا جائے گا۔


































