
تہران : ولی امر مسلمین کے اعلیٰ فوجی مشیر محسن رضائی کا کہنا ہے کہ اسرائیل اگر لبنان کے خلاف جارحیت جاری رکھتا ہے تو شمالی اسرائیل کو پہلے سے زیادہ سخت حالات کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ایرانی سرکاری ٹی وی کو انٹرویو میں محسن رضائی نے کہا کہ اسرائیل بیروت کے جنوبی مضافات کو نشانہ بنانے کی دھمکیوں کے ذریعے ایران کے ساتھ جاری مذاکرات پر اثرانداز ہونے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے اسرائیل کو خبردار کیا کہ وہ لبنان سے دور رہے کیونکہ لبنان کسی بھی ممکنہ معاہدے کا لازمی حصہ ہوگا۔ محسن رضائی نے کہا کہ ایران اپنے اتحادیوں کی حمایت سے دستبردار نہیں ہوگا اور حزب اللہ نے حالیہ جنگ میں بڑی قربانیاں دی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جو ریاست اپنے اتحادیوں کا ساتھ چھوڑ دے وہ اپنی ساکھ کھو دیتی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ کسی بھی نئی محاذ آرائی کی صورت میں شمالی اسرائیل کو چالیس روزہ جنگ سے کہیں زیادہ مشکل حالات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔


































