
تہران : ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ ایران اس وقت یورینیم افزودگی یا جوہری معاملات کسی بھی مذاکرات میں شامل نہیں۔ ہفتہ وار پریس کانفرنس میں اسماعیل بقائی نے امریکا پر بے جا اور لامحدود مطالبات کرنے کی عادت کا الزام عائد کیا۔ بقائی کے مطابق میڈیا میں جوہری پروگرام سے متعلق زیر گردش خبریں محض قیاس آرائیاں ہیں اور ان کی بنیاد ماضی کے مذاکرات پر ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یورینیم افزودگی اور متعلقہ مواد پر اس وقت کوئی بات چیت نہیں ہو رہی۔ تہران کی مکمل توجہ امریکا اور اسرائیل کی جنگ کے خاتمے پر مرکوز ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ایران ایک ایسے فریق کا سامنا کر رہا ہے جو بار بار مؤقف تبدیل کرتا ہے۔ اس لیے تہران کی ذمہ داریاں مزید بڑھ جاتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ممکن سفارتی اور عملی اقدام کرے گا۔ مذاکرات میں پیش رفت نہ ہونے کی بنیادی وجہ امریکا کا طرزِ عمل ہے۔


































