
واشنگٹن: امریکی وزیرخارجہ مارکو روبیو نے متعدد ملکوں کے وزرائے خارجہ کو بتایا ہے کہ فی الحال ایران پر مزید حملوں کا ارادہ نہیں۔ امریکا ایران پر حملوں کو پابندیوں میں منتقل کر رہا ہے۔ امریکی ویب سائٹ ایگزیوس کے مطابق مارکو روبیو نے متعدد اتحادی وزرائے خارجہ سے ٹیلی فونک رابطوں میں امریکا کی ایران سے متعلق نئی حکمت عملی سے آگاہ کیا۔ مارکو روبیو نے بتایا کہ امریکا فوجی کارروائی کے بجائے آبنائے ہرمز میں بحری ناکہ بندی اور نئی پابندیوں کے ذریعے ایران پر اقتصادی دباؤ بڑھانے کا ارادہ رکھتا ہے۔ ایک امریکی عہدیدار کے مطابق اگر ایران پہلے حملہ کرتا ہے تو امریکا فوجی کارروائی کا آپشن استعمال کر سکتا ہے۔ امریکی اہلکار نے کہا کہ موجودہ صورتحال امریکی وسط مدتی انتخابات کے بعد تک برقرار رہ سکتی ہے۔


































